واشنگٹن (اے پی پی)امریکی حکومت نے 29 سالہ روسی خاتون پر سیاسی تنظیموں میں شامل ہو کر روسی حکومت کی جاسوسہ کے طور پر سازش کرنے کا الزام عائد کیا ہے ، ماریا بوتینا کوواشنگٹن سے گرفتار کیا گیا اور انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ماریا بوتینا نے رپبلکن پارٹی میں شامل ہو کر اسلحے کے حق میں مہم چلائی تھی۔ان پرالزام ہے کہ وہ کریملن کے ایک اعلیٰ عہدے دار کی ہدایات پر کام کر رہی تھیں تاہم انکے وکیل رابرٹ ڈرسکول نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی موکلہ جاسوس نہیں ہیں بلکہ وہ بین الاقوامی امور کی طالبہ ہیں اور اپنی تعلیم کو بزنس میں کریئر بنانے کے لیے استعمال کر رہی تھیں۔ایف بی آئی کے عہدیدار کیون ہیلسن نے کہا ہے کہ بوتینا کوامریکی شہریوں کے ساتھ ذاتی تعلقات استعمال کر کے امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کا کام سونپا گیا تھا تاکہ روس کے مفادات کو تقویت دی جا سکے ۔ وہ روسی مفادات کو تقویت دینے کی خاطربااثر امریکی سیاست دانوں سے تعلقات بڑھنا چاہتی تھیں۔ وہ اپنی سرگرمیوں کی اطلاع روسی حکومت کو ٹویٹر کے ڈائریکٹ میسج کے ذریعے دیا کرتی تھیں۔