واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) امریکہ میں ہالو وین کو تیاریاں زور و شور سے شروع ہوگئی ہیں، 31 اکتوبر کو منائے جانے والے اس جشن کے سلسلہ میں خوفناک شکلیں نظر آنے لگی ہیں، گھروں کے باہر ڈراونے چہروں ، کھوپڑیوں اور بڑے بڑے کدو پر خوفناک شکلیں بنانے کے علاوہ فرضی ڈھانچے سجائے جا رہے ہیں، ہالووین کا جشن منانے کیلئے امسال بھی نیویارک میں عظیم الشان پریڈ کی جائے گی جس میں لوگ ڈراونے چہروں اور عجیب و غریب لباس پہن کر بھوت اور چڑیل بن کر بھرپور شریک ہونگے ، بڑے بڑے سٹوروں، ریسٹورنٹس اور کلبوں میں جادوگروں، چڑیلوں اور دیگر ڈرانے والی فرضی مخلوق کے خوفناک ڈھانچے لٹکائے گئے ہیں، امریکہ میں ہالووین کا آغاز 1921ء میں شمالی ریاست مینی سوٹا سے ہوا ، وائٹ ہاؤس کے مکینوں کو بھی اس دن کا شدت سے انتظار رہتا ہے صدر اوبامہ نے اپنی دونوں ٹرم اور گزشتہ سال صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ہالووین کو بھرپور انداز میں منایا تھا ، اس سال امریکی ہالووین پر تقریباً گیارہ ارب ڈالر خرچ کریں گے ، امریکہ میں اٹھارہ کروڑ افراد ہالووین کی تقریبات میں حصہ لینگے 31 اکتوبر کی رات کو روحوں کا عالمی دن بھی کہا جاتا ہے ، اس رات لوگ روحوں کو خوش کرنے کے لیئے خود بھی اسی روپ میں اپنے آپکو ڈھال لیتے ہیں ۔