ملتان،بہاولپور (نیوزایجنسیاں) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ امریکہکو افغانستان میں اپنی شکست تسلیم کرنا پڑی اور اسکا کریڈٹ افغان عوام کو جاتاہے جنہوں نے دنیا کی تین سپر پاورز کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ۔ گزشتہ روز ملتان میں پریس کانفرنس ، بہاولپور میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہاکہ اندھیر نگری اور چوپٹ راج سے قوم بے زار ہے جس طرح سابق حکومتوں نے ملک و قوم کا وقت سائع کیا ، اسی طرح یہ حکومت چھ ماہ میں سوائے وعدوں اور نعروں کے کچھ نہیں کر سکی ۔حکومت کو ماضی کے حکمرانوں کے انجام سے عبرت پکڑنی چاہئے جبکہ قرضوں اور خیرات سے کوئی تبدیلی نہیں آنیوالی،ایسے ملک نہیں چلتے ۔ صوبہ جنوبی پنجاب یا بہاولپور حکومت کی کسی ترجیح میں نہیں ۔ صوبہ کیلئے محض دو چار دفاتر بنا دینا کافی نہیں، علیحدہ صوبے کا مطلب صوبائی ا سمبلی کا قیام اور الگ وزیراعلیٰ ہے ۔ حکومت کی معاشی اصلاحات ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کے گرد گھومتی ہیں ۔ قوم کا مطالبہ تھاکہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کروایا جائے ، حکومت نے آسیہ کو رہا کردیا ، عافیہ صدیقی ابھی تک جیل میں ہے ۔ تھر میں بچے مر رہے ہیں اور حکمران کہتے ہیں کہ غریبوں کا مرنا معمول کی بات ہے ۔ ساہیوال کا دلخراش سانحہ حکمرانوں کی بے حسی اور ظلم کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ قومی اسمبلی میں قانون سازی کے بجائے شور شرابہ ہورہا ۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری دنگل کو برپا کرنے میں حکومت نے بھر پور حصہ لیا ۔ حکومت کیخلاف گرینڈ الائنس کی ابھی تک صرف باتیں ہیں، اگربنا بھی تو اسکے مقاصد اور ایجنڈے کا جائزہ لیکر اس میں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کرینگے ۔ قوم 5 فروری کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر جوش وجذبہ سے منائیگی ۔ حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے ایک واضح لائحہ عمل دے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید وسیم ا ختر اور قیصر شریف بھی موجود تھے ۔