اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں فوجی کارروائی کیلئے امریکہ کو پاکستان میں اڈے دینے سے صاف انکار کردیا۔امریکی ٹی وی ایچ بی او کے پروگرام ایگزیوس کے اینکر جوناتھن سوان کو انٹرویو میں عمران خان نے یہ بات کہی۔ اینکر نے پوچھا کیا آپ امریکی حکومت کو اس بات کی اجازت دیں گے کہ وہ سی آئی اے کے ذریعے پاکستان سے سرحد پار القاعدہ، داعش اور طالبان کے خلاف انسداد دہشت گردی کارروائیاں کرے ؟اس سوال کے جواب میں وزیراعظم نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہرگز نہیں، کسی بھی صورت ہم اپنے اڈوں کے استعمال کی اور نہ ہی پاکستانی حدود سے افغانستان میں کسی بھی طرح کی کارروائی کی اجازت دیں گے ۔وزیر اعظم کے واضح ردعمل پر حیرت میں آکر انٹرویو لینے والے نے تصدیق کے لئے سوال کیا ،کیا واقعی!۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کا امریکی اینکر کو دو ٹوک جواب وائرل ہوگیا ہے ۔ وزیراعظم کا یہ انٹرویو پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی صبح 3 بجے نشر ہوگا۔