نیویارک( ندیم منظور سلہری) امریکی کانگریس کی رکن جین شکاو سکی نے بھی کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی حیثیت کی تبدیلی کے فیصلے نے ایک خطرناک بحران پیدا کر دیا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جاری بحران کو ختم کرانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں، بھارت کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں زبردستی بند کرنا اور نوجوانوں کو حراستی کیمپوں میں قید کرنا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ،کشمیر میں ریپ کی وارداتوں میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہاں بدتر حالات پیدا ہو چکے ہیں۔