اقوام متحدہ،واشنگٹن (بیورو رپورٹ،صباح نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر اسد مجید اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب منیر اکرم نے امریکہ کے نئے صدر جو بائیڈن کے حلف اٹھانے کا خیر مقدم کیا ہے ۔امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید نے ایک بیان میں کہا ہے امریکہ کو پاکستان سے تعلقات چین، افغانستان یا بھارت کے تناظر میں طے نہیں کرنے چاہئیں، چاہتے ہیں نئی انتظامیہ کیساتھ تعلقات دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر استوار کیے جائیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے امریکہ سے نئے سرے سے تعلقات استوار کرنے کا موقع ملا ہے ، امریکہ سے تعلقات کے حوالے سے پاکستان کو حقیقت پر مبنی ترجیحات طے کرنا ہوں گی۔ منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا کہ وہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید شدید بیمار یاسین ملک کی رہائی کیلئے بھارت پردبائو ڈالیں اور اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا بھارت خطے میں دہشتگردی کی پشت پناہی کرنے سمیت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے ، مودی حکومت کے انتہا پسندانہ عزائم کو نہ روکا گیا اور اس کے گھنائونے اقدامات پر چشم پوشی اختیار کیے رکھی تو حالات ابتر ہو سکتے ہیں۔