واشنگٹن( آن لائن ،نیٹ نیوز)امریکی وزارت خارجہ نے ایران کے جوہری پروگرام پر عائد چار پابندیوں کی مزید 60 روز کے لیے تجدید کا اعلان کیا ہے ۔امریکی حکام کے مطابق ایران کی جانب سے عدم استحکام کا باعث سرگرمیوں پر روک لگانے کیلئے تمام سفارتی اور اقتصادی ہتھیاروں کو استعمال کرینگے دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے ٹویٹ کے جواب میں امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگوس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ جھوٹ اور چوری کا سلسلہ بند کر دیں ترجمان نے مزید لکھا کہ اگر ایرانی نظام کو کوروناسے نمٹنے کے لیے مالی رقوم کی ضرورت ہے تو وہ علی خامنہ ای کے زیر انتظامHedge فنڈ سے اربوں ڈالر حاصل کر سکتا ہے ۔پومپیو نے پابندیوں میں توسیع کے حوالے سے دستاویزات پر دستخط کیے تاہم انہوں نے ایران کے ایٹمی پروگرام پر پابندیاں جاری رکھنے کا عزم کیا،امریکہ نے روس، یورپی ممالک اور چینی کمپنیوں کو ایران کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق واشنگٹن کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے اپنی جوہری سرگرمیوں میں مسلسل توسیع کسی طور قابل قبول نہیں ہے تہران کی جانب سے جوہری اشتعال انگیزی بین الاقوامی سلامتی اور امن کے لیے سب سے بڑے خطرات میں سے ہے ،بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رواں سال سامنے آنے والے اس موقف کی یاد دہانی کرائی گئی کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی،ادھر امریکی وزارت خارجہ نے باور کرایا ہے کہ امریکا ایران کی جانب سے عدم استحکام کا باعث بننے والی سرگرمیوں پر روک لگانے کے لیے اپنے تمام سفارتی اور اقتصادی ہتھیاروں کو استعمال میں لائے گا۔