تہران،لاہور،پشاور،پاراچنار(نیٹ نیوز ،سٹاف رپورٹر،نمائندہ92نیوز) امریکی حملہ میں ایرانی فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اورعراقی فورس ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کی ہلاکت پر ایران اورپاکستان میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔گزشتہ روز مذکورہ واقعہ کی خبرملتے ہی ایران کے دارالحکومت تہران میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور امر یکہ کیخلاف مظاہرے کئے ۔ مظاہرین نے جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی کی ہلاکت پر ماتم کرتے ہوئے امریکہ کیخلاف شدید نعرے باری کی،امریکی پرچم بھی نذرآتش کئے ۔دریں اثنا ایران کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ادھرپاکستان میں بھی مذکورہ واقعہ پر احتجاج سامنے آیا۔مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے سامنے امریکہ کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملے پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ایم ڈبلیو ایم خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل نے خطاب میں کہا کہ امریکہ عالم اسلام کا بدترین دشمن ہے ۔جنرل قاسم کو شہید کر کے امریکہ نے پوری امت مسلمہ کو للکارا ہے ۔پاراچنار کی سیاسی و سماجی اور مذہبی تنظیموں نے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بغداد میں امریکی حملے میں جنرل سلیمانی سمیت 8 افراد کی شہادت کی شدید مذمت کی ۔مظاہرین نے ضلع بھر میں تین روزہ سوگ منانے اور ماتمی مجالس کرنے کا اعلان کیا۔ پاراچنار شہر میں روحانی پیشوا علامہ فدا حسین مظاہری اور علامہ عابد حسین الحسینی کی قیادت میں بڑا جلوس نکالا گیا جس میں علما اور قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی ۔ علامہ عابد حسین الحسینی، علامہ اخلاق حسین شریعتی، حاجی سردار حسین، حاجی عابد حسین، مولانا الطاف حسین اور دیگر مقررین نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت بزدلانہ اقدام ہے ،امریکہ اور اسرائیل نے بہت پہلے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا منصوبہ بنالیا تھا ،انکی شہادت سے امریکہ کیلئے خوشی کی نہیں بلکہ تباہی کا پیغام ہے کیونکہ وہ عالم اسلام کے لیڈر تھے ۔ دریں اثناقائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے صوبائی صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس اور انکے ساتھیوں کی امریکی حملے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جیسی استعماری طاقتوں کی وجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے ۔ امریکی جارحیت تمام حدیں پار کرچکی ہے ۔ساجد علی نقوی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے بلندی درجات کی دعاکی۔لاہور میں پریس کلب کے باہر امریکہ مخالف مظاہرے میں امریکی پرچم نذرآتش کئے اور پیروں تلے روندے گئے ،اس موقع پر امریکی قونصلیٹ کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔