کراچی(سٹاف رپورٹر) امریکی بحری جہاز یو ایس ایس میسن کا دورہ پاکستان جمعرات کو اختتام پذیرہوگیا۔ یوایس ایس میسن امریکی بحریہ کا Arleigh Burke Class جنگی جہاز ہے جس کا کراچی کا دورہ دونوں بحری افواج کے درمیان اچھے روابط کا غماز ہے ۔دورے میں ہاربر پر ہونے والی سرگرمیاں، ملاقاتیں،اہم مقامات کی سیر، پیشہ ورانہ مو ضو عات پر مباحثے ، دونوں ممالک کے جہازوں کا دورہ اور خصوصی طعام شامل تھے ۔ پاکستان اور امریکہ باہمی مفادات اور تعاون کی بنیاد پر دیرینہ تعلقات کے حامل ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بحری تعلقات اور تعاون 50 کی دہائی سے موجود ہیں۔ تب سے دونوں بحری افواج کے مابین تعاون اور تعلقات میں مختلف جہتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ دونوں بحری افواج سمندر میں سفر کرنے والوں کے لیے سمندری راہدریوں کو کھلا رکھنے کی مشترکہ سوچ کی حامل ہیں اور دونوں نے خطے میں سمندری سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ پاک بحریہ نے حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق ہمیشہ سمندروں میں حفاظت، سکیورٹی اور آمدورفت کی آزادی کے لیے کام کیا ہے ۔