اسلام آباد،کراچی(92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ ایک ویڈیو میں سنتھیا نے الزام لگایا کہ رحمٰن ملک نے 2011ء میں زیادتی کا نشانہ بنایا جب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور وہ وزیر داخلہ تھے ، سنتھیا نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور سابق وزیرصحت مخدوم شہاب الدین پر بھی بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا یوسف رضا گیلانی نے تب دست درازی کی جب وہ ایوان صدر میں مقیم تھے ۔سنتھیا نے اپنے ٹویٹس میں کہا اور بھی بہت کچھ ہے لیکن میں تھک گئی ہوں اور اپنے منگیتر کیساتھ کچھ دن آرام کرنا چاہتی ہوں۔میں نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے کہا کہ اپنے لوگوں سے کہیں میری فیملی کو اکیلا چھوڑ دیں، میں تفتیش کاروں سے ملنے کیلئے تیار ہوں،میں نے 2011ء میں امریکی سفارتخانے میں کسی کو اس بارے میں بتایا تھا لیکن اسامہ بن لادن پکڑے جانے کے باعث نامناسب صورتحال اور پاکستان امریکہ پیچیدہ تعلقات کے باعث ناکافی ردعمل ملا۔زرداری کی پیپلز پارٹی مسلسل مجھے دھمکا رہی ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ میرے ساتھ انکی پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں نے زیادتی کی، پی پی رہنماؤں کی جانب سے نامناسب پیغامات اور تصاویر موصول ہو رہی ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ دنیا کو اس بارے میں پتہ چلے ۔ اب میں نے فیس بک پر لائیو اپنی کہانی بتانے کا ارادہ کیا ہے اورمیں جاری رکھوں گی۔میں غیر جانبدار اور بہتر ساکھ رکھنے والے صحافیوں کو واقعہ کی مزید تفصیلات بتانا چاہوں گی، تحقیقاتی صحافیوں کے سامنے تفصیلات بیان کرونگی۔یوسف رضا گیلانی نے سنتھیا کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا خاتون نے شہید بینظیر پر عجیب و غریب الزامات لگائے ،میرے بیٹوں نے سنتھیاکیخلاف ہتک عزت کادعویٰ دائرکردیا،علی حیدرگیلانی اورعلی قاسم اس معاملے پرعدالت میں چلے گئے ، کیا وزیراعظم کے عہدے کاآدمی ایوان صدرمیں ایسی حرکت کرسکتا ہے ؟میں ایوان صدر میں صدر سے یا وفود سے ملنے گیا ہونگا۔ الزام لگانے والی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں؟ خاتون کو پاکستانی سیاستدانوں پرالزامات لگانے اور بدنام کرنے کا حق کس نے دیا؟92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا میرے بیٹے نے کہا میں بھی بینظیربھٹو پرالزامات کیخلاف سائبرکرائم میں جاؤں گاجسکا یہ ری ایکشن ہوا ہے ، ورنہ دسمبر میں جب میری طبیعت ناسازتھی تو سنتھیانے میرے بیٹے سے کہاآپکے والدشریف آدمی ہیں،میری طرف سے انکی عیادت کرنا، بینظیر بھٹو پر الزامات پر سنتھیا کیخلاف کارروائی کا فیصلہ پارٹی کریگی۔