واشنگٹن(ویب ڈیسک) اگرچہ ابھی نصف سال باقی ہے لیکن امریکہ کے مغربی ساحلوں (ویسٹ کوسٹ) پر اب تک 70 گرے وہیل مردہ پائی گئی ہیں جس سے ایک جانب تو سمندری حیات کے ماہرین پریشان ہیں تو دوسری جانب ان مردہ وھیلوں کو تلف کرنا ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے ۔امریکی اداروں نے سمندر کے کنارے ذاتی جائیدادوں کے مالک سے کہا ہے کہ وہ وہیل کے لیے کچھ جگہ چھوڑیں تاکہ وہ قدرتی طور پر گل سڑکرتلف ہوسکیں۔یہ ایک افسوسناک صورتحال ہے اور ماہرین نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ 20 سال میں وھیل کی ہلاکتوں کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے ۔ ماہرین ابھی اس پر غور کررہے ہیں لیکن خیال ہے کہ یہ عظیم الجثہ جانور بھوک سے مرے ہیں کیونکہ آب و ہوا میں تبدیلی سے سمندروں میں اتنے بڑے جانداروں کے لیے غذائی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔اگرچہ وہیل کی لاشوں پر مردار خور پرندے اور دیگر جانور آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود وھیل کو تلف ہونے میں وقت لگے گا اور ان کا تعفن ناقابلِ برداشت ہوتا جارہا ہے ۔ سب سے زیادہ وھیل ریاست واشنگٹن کے ساحلوں پر ملی ہیں جن کی تعداد 30 ہے ، دوسرے نمبر پر کیلیفورنیا ہے جہاں 37 مری ہوئی وہیل ملی ہیں جبکہ تین وہیل اوریگون میں پائی گئی ہیں۔سائنسدانوں نے فکرمندی سے کہا ہے کہ شاید اگلے چند ماہ میں مزید وہیلوں کی ہلاکت کے واقعات ہوسکتے ہیں اور شاید ان کی بڑی تعداد مرنے کے بعد دورافتادہ چھوٹے جزیروں پر جمع ہورہی ہے ۔