اسلام آباد( راجہ کاشف اشفاق)امریکی سفارتخانے کی طرف سے اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں سٹریٹ کرائم بڑھنے کے بیان کا معاملہ طول پکڑتا نظر آرہا ہے ، اس حوالے سے بدھ کے روز وفاقی پولیس میں لوئر سٹاف سے تبادلوں کا آغاز کر دیا گیا اور آپریشن ڈویژن میں کئی سالوں سے تعینات 65 اہلکاروں کو تبدیل کر دیا گیا جن میں7 سب انسپکٹرز ، 16 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور 9 ہیڈ کانسٹیبلز جبکہ 40 کانسٹیبلز شامل ہیں۔اسی طرح ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آئندہ چند روز میں ایس ایچ اوز ، ڈی ایس پی / اے ایس پی کو بھی تبدیل کیا جا ئیگاجبکہ آخری مرحلہ میں ایس پیز کے زون بھی تبدیل کرنے سمیت عرصہ دراز سے اسلام آباد میں تعینات ایس پیز کو بھی آپریشن ڈویژن سے ہٹاتے ہوئے انکی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حوالے کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے ۔ بدھ کو ہونے والے تبادلوں کی منظوری ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے دی اور ان تبادلوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔