لندن (نیٹ نیوز) امریکہ کے ایک میگزین ’’نیشنل انکوائرر‘‘ نے برطانوی شہزادی لیڈی ڈیاناکی موت پر تھیم پارک بنادیا ۔میگزین نے تھیم پارک میں شہزادی ڈیانا کے آخری لمحات کو 3ڈی میں پیش کیا ہے ۔ٹینیسی میں بنائے گئے تھیم پارک ’’نیشنل انکوائررلائیو ‘‘ کو جمعہ کے روز عوام کیلئے کھولا گیا۔3ڈی کمپیوٹر ماڈل میں اگست 13، 1997کو پیرس میں پیش آئے واقعات کو دکھایا گیا ہے ۔ 3ڈی تھیم پارک میں لیڈی ڈیانا کو رٹز ہوٹل سے نکلتے اور پاپارازی کے ان کی کار کا تعاقب کرتے اور پھر حادثہ کا شکار ہوتے دکھایا گیا ہے ۔حادثے کا ری میک دیکھنے کیلئے 20پائونڈ ٹکٹ رکھی گئی ہے جبکہ بچوں کو بھی اسے دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ میگزین کی طرف سے شہزادی ڈیانا کی حادثے میں المناک ہلاکت کو دلچسپی کا سامان بنائے جانے پر کافی غم و غصہ کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ برطانوی اخبار کے رابطہ کرنے پر بکنگھم پیلس نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔