واشنگٹن (آن لائن) امریکہ کے نوجوان برینڈن سولز نے کام سے چھٹی کے لیے اغوا کا ڈرامہ رچایا اور پھر نوکری ہی چلی گئی۔پولیس کے مطابق ہمیں 19 سالہ نوجوان ملا جس کے ہاتھ پیچھے بندھے اور منہ میں کپڑا ٹھونسا ہوا ملا تھا۔ پولیس نے نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی تصویر جاری کی تو وہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق برینڈن سولز نے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ دو نقاب پوش اغوا کاروں نے اس کے سر پر کوئی وزنی چیز ماری جس سے وہ بے ہوش ہو گیا تھا اور وہ اغوا کار اسے گاڑی میں ڈال کر نامعلوم مقام پر لے گئے تھے ۔پولیس کی جانب سے نوجوان سے مزید سوالات کیے گئے تو پولیس کو کچھ شک گزرا جس پر پولیس نے مزید تفتیش کی تو معلوم ہوا کے نوجوان نے دفتر سے چھٹی کے لیے اپنے اغوا کا ڈرامہ کیا۔پولیس نے نوجوان کو جھوٹے جرم کی اطلاع دینے پر گرفتار کر لیا اور جب برینڈن سولز کے دفتر تک یہ خبر پہنچی تو اسے ملازمت سے ہی فارغ کر دیا گیا۔نوجوان نے کہا کہ کام پر جانے سے بچنے کے لیے سارا ڈرامہ کیا۔ پہلے خود اپنے منہ میں کپڑا ٹھونسا اور پھر اپنے بیلٹ سے ہی ہاتھ باندھ لیے بعد ازاں پولیس کو واقع کی اطلاع دی۔