ٹوکیو( اے ایف پی) یورپی یونین اور جاپان نے گزشتہ روز پروٹیکشن ازم کے خلاف واضح پیغام دیتے ہوئے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں کیونکہ واشنگٹن نے متنازعہ ٹیرف عائد کرتے ہوئے تجارتی جنگ کا بگل بجادیا ہے ۔ڈیل پر ٹوکیو میں یورپی یونین کے اعلی حکام اور جاپانی وزیر اعظم شینزو ایبے نے دستخط کیے ۔اس موقع پر یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ اس معاہدے سے ہم واضح پیغام دے رہے کہ ہم پروٹیکشن ازم کے خلاف اکٹھے کھڑے ہیں۔کمیشن ہیڈ جین کلاڈے جنکر کا کہنا تھا کہ ہم یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ جب ہم اکٹھے مل کر کام کرتے ہیں تو ہم مضبوط اور کہیں بہتر ہوتے ہیں۔یاد رہے کہ اس معاہدے کا محرک ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکہ فرسٹ ٹریڈ پالیسی ہے ۔ یورپی یونین اور جاپان دونوں امریکہ کے اتحادی ہیں تاہم واشنگٹن نے دونوں پر ٹیرف عائد کرکے ان کو اشتعال دلایا ہے ۔جنکر کا مزید کہنا تھا کہ معاہدے کا مقصد یہ پیغام دینا بھی ہے کہ ٹریڈ ٹیرف اور رکاوٹوں سے بڑھ کر اقدار کا نام ہے ۔پروٹیکشن ازم میں کوئی پروٹیکشن نہیں ہے ۔اس موقع پر جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ پروٹیکشن ازم کے دور دورے کے موقع پر یہ ڈیل ظاہر کرتی ہے کہ جاپان اور یورپی یونین دنیا کو لیڈ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔