نیویارک ( ندیم منظور سلہری سے ) امریکہ کا یوم آزادی امسال بھی جوش و خروش سے منایا گیا ، آتش بازی کے خوبصورت مناظر دیکھنے کے لئے لوگ پارکوں اور اہم شاہراہوں پر اُمڈ آئے ، کورونا کی وجہ سے اکثریت نے روایت سے ہٹ کر ماسک پہن رکھے تھے ، کئی شہروں میں ورچل تقریبات کا انعقاد ہوا جسے ٹیلی ویژن ، کمپیوٹرز اور سمارٹ فونز کی سکرینوں پر دیکھا گیا، نیویارک کے علاقہ بروکلین میں پاکستانی کمیونٹی نے بھی یوم آزادی پر کھانا تقسیم کیا ۔ سڑک کے دونوں اطراف پر امریکی اور پاکستانی جھنڈے لگائے گئے ، کئی کاروباری شخصیات نے باربی کیو تقریبات کا بھی انتظام کر رکھا تھا ۔ پاکستانی کمیونٹی کے راہنماؤں نے کہا وہ یہاں کی سماجی زندگی سے کافی خوش ہیں ، یہاں انہیں ہر طرح کی آزادی حاصل ہے اور بلا رنگ و نسل انہیں آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہیں ۔وہ یہاں کے سسٹم کا حصہ بن کر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔