اسلام آباد (خبرنگار) سپریم کورٹ نے پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی بچی امل عمر کے حوالے سے ازخودنوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے آئی جی سندھ،چیئرمین سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن اورایڈووکیٹ جنرل سندھ کو آئندہ سماعت پرطلب کرلیا۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے حکم دیا کہ تینوں افسران بتائیں مستقبل میں امل عمرقتل جیسے واقعات روکنے کیلئے کیا کیا جائے ۔ جسٹس گلزار کا کہنا تھا کہ این ایم سی کی انتظامیہ کازورصرف اوپی ڈی پرہے ، ہسپتال کے دیگرشعبوں پربظاہرانتظامیہ کی توجہ نہیں،کیوں نہ این ایم سی کو بند کر دیا جائے ۔ عدالت نے سندھ حکومت کی رپورٹ غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے کیس کی سماعت اکتوبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔ادھر عدالت عظمیٰنے شاہ زیب قتل کیس کے ملزموںشاہ رخ جتوئی،نواب سراج علی اورغلام مرتضیٰ کی اپیلیں سماعت کیلئے منظور کر لیں۔تینوں ملزموں کی سزائے موت کو سندھ ہائیکورٹ نے عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا جس کیخلاف ملزمان نے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی ہیں ۔