دوحہ،اسلام آباد(اے ایف پی ،سپیشل رپورٹر) افغان امن مذاکرات کا تحریری فریم ورک طے پا گیا ۔افغان حکومت،طالبان میں عبوری معاہد ے کا ،پاکستان،امریکہ نے خیر مقدم کیا ہے ۔ فریقین کے درمیان 19 سالہ جنگ میں پہلا تحریری معاہدہ اہم پیشرفت ہے جس میں مزید بات چیت کی راہ ہموا رہوگئی ہے ، مذاکرات کار سیز فائر سمیت مزید ٹھوس مسائل پر آگے بڑھ سکیں گے ،طالبان نے کہابھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیدی،زلمے خلیل نے اپنی ٹوئٹ میں کہا 3صفحاتی معاہدے میں سیاسی روڈ میپ ،سیز فائر کے قواعد و ضوابط ہیں،امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے فریقین کو مبارکباد دی ہے امریکہ اور یواین نے معاہدے کو خوش آئند قراردیا ہے ۔امریکی جنرل ملی نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے احکاما ت کے مطابق افغانستان میں فوجیوں کی کمی کے احکاما ت پر عملدرآمد کررہے ہیں۔افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے امن مذاکرات کے حوالے سے ابتدائی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے ،یہ فریقین کے درمیان 19 سالہ جنگ میں پہلا تحریری معاہدہ ہے جسے اقوام متحدہ اور امریکا نے خوش آئند قرار دیا ہے ۔اسلام آباد سے سپیشل رپورٹر کے مطابق افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہاہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کلیدی اہمیت کے حامل ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغان اور چینی سفراء کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں میں کیا،، ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں دیرپا افغان امن کیلئے یہ انتہائی اہم پیشرفت ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق معاہدے سے مزید بات چیت کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور اسے اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اس سے مذاکرات کار سیز فائر سمیت مزید ٹھوس مسائل پر آگے بڑھ سکیں گے ۔