سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران کرنل مجیب الرحمن نے امن دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان وطن پر نثار کر دی اور’’ شہادت ہے مطلوب و مقصود مومن‘‘ کی ایسی مثال قائم کر دی جس پر آنے والی نسلیں ہمیشہ فخر کرتی رہیں گی ۔ اس میں شبہ نہیں کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔ وہ علاقے جہاںکبھی دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کا راج تھا آج وہاں سکیورٹی فورسز کے امن آپریشنز کی بدولت لوگ امن، سکون اور چین کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ تاہم دہشت گردوں کی باقیات اور ان کے سہولت کار اب بھی کہیں نہ کہیں موجود ہیں۔پاک فوج کے بہادر سپوتوںنے اندرونی و بیرونی محاذوں پر ہمیشہ وطن عزیز کا دفاع کیا ہے، جہاں ضرورت پڑی انہوں نے اپنی جانیں وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے قربان کر دیں اور شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے۔ کرنل مجیب الرحمن بھی وطن کے ایک ایسے ہی بہادربیٹے تھے جنہوں نے اپنی جان دے کر اور دہشت گردوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنا کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کی بہادر افواج دشمن کے عزائم کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ پوری قوم اپنے شہید سپوت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ وہ قیام امن اور دہشت گردوں کے قلع قمع کیلئے اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہے اور وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔