اسلام آباد (خبرنگار خصوصی ) سابق افغان وزیر اعظم اور حزب اسلامی افغانستان کے امیر انجینئر گلبدین حکمت یار نے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی ۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری امیر العظیم ،نائب امیر لیاقت بلوچ ،رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی و دیگر رہنما موجود تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ریجن میں قیام امن کیلئے پاکستان اور افغانستان کا ایک پیج پر آنا بہت ضروری ہے ۔دشمن ہمیشہ دونوں برادر اسلامی ممالک میں تنازعات پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف رہتا ہے ۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی بھارتی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افغان عوام نے اپنی آزادی برقرار رکھنے کے لئے تاریخ انسانی کی بڑی ہجرت کی ۔پاکستان کے عوام نے بھی اپنے افغان بھائیوں کو نہ صرف گھر دیئے بلکہ اپنے دلوں میں جگہ دی ،انجینئر گلبدین حکمت یار نے کہا کہ بڑی طاقتوں کی گرم پانیوں اور معدنی ذخائر پر قبضہ کی خواہش نے چار عشروں سے افغانستان پر جنگ مسلط کررکھی ہے تاہم افغان عوام نے نہ صرف اپنی آزادی کو برقرار رکھا بلکہ اڑوس پڑوس کی آزادی کو بچانے میں بھی بڑا کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن کا واحد راستہ یہ ہے کہ بڑی طاقتیں علاقے سے نکل جائیں اور افغانوں کو ان کی مرضی کے مطابق حکومت بنانے اور چلانے کا موقع دیں۔ افغانستان کے عوام کی پریشانیوں اورمصائب کو دور کرنے کیلئے پاکستان کے عوام نے بڑے اخلاص اور محبت کا ثبوت دیا ہے ۔