لاہور؍ اسلام آباد؍ نیویارک(رپورٹنگ ٹیم؍ نامہ نگاران؍ نیوز ایجنسیاں)کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1210 جبکہ مریض58457 ، 18ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوگئے ۔ اب تک پنجاب میں 20654،سندھ میں23507، خیبرپختونخوا میں8259، بلوچستان میں 3468، اسلام آباد میں 1728 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔گوجر خان شہر کے تاجر مظہر منہاس اور معروف ٹیلر اکبر قریشی کورونا سے جاں بحق ہوگئے ۔راولپنڈی میں کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ریٹائرڈ ڈی ایس پی پولیس ارشد ملک کو حالت تشویشناک ہونے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔سیالکوٹ میں 2 خواتین سمیت کورونا کے 3 مریض چل بسے ۔گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ہسپتال ساہیوال میں کورونا کا ایک کنفرم اور ایک مشتبہ مریض چل بسا ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ہمایوں خان،تحریک انصاف کے پنجاب سے ایم پی اے نعیم ابراہیم ، بھائی ،2ڈرائیور اور 2ساتھی،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی نصراللہ زیرے بھی کورونا کا شکار ہوگئے ۔صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹریاسراچکزئی ،چیئرمین وائے ڈی اے پنجاب ڈاکٹر خضر حیات، صدر ڈاکٹر سلمان حسیب اور پیٹرن انچیف ڈاکٹر عاطف مجید میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔بوریوالا میں نجی بینک کے 13 ملازمین سمیت 16 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2327 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں 573 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 5 مزید مریضوں کی اموات کے بعد مجموعی تعداد 374 ہوگئی۔چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حالات خراب رہے تو جون کے آخر تک ہمیں 2 ہزار وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہوگی۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وینٹی لیٹرزکے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے ، پبلک پرائیویٹ سیکٹرمیں 4200کے قریب وینٹی لیٹرزموجودہیں جبکہ 31 مئی تک ہمارے پاس 585آئی سی یووینٹی لیٹرزہونگے ۔ انہوں نے کہا امریکہ نے 200 وینٹی لیٹر دینے کی پیشکش کی ہے ، پہلی جون کو100وینٹی لیٹرز پاکستان پہنچ جائیں گے ۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ساڑھے 56لاکھ جبکہ اموات ساڑھے 3لاکھ سے زائد ہوگئی ہیں۔گزشتہ روز سب سے زیادہ اموات برازیل میں ریکارڈ کی گئیں۔امریکہ میں مجموعی اموات ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔بھارت کورونا کے حوالے سے 10 بدترین ممالک میں شامل ہوگیا۔سپین میں حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں بدھ سے 10 روزہ سوگ منایا جائے گا۔برطانیہ میں وزیراعظم بورس جانسن کے مشیر ڈومینک کمنگز کے تنازع کے بعد جونیئر منسٹر ڈگلس راس بطور احتجاج مستعفی ہوگئے ۔مستعفیٰ ہونے والے وزیر کا کہنا تھا کہ ڈومینک کمنگز کی سوچ عوام کی اکثریت سے متصادم ہے ،لاک ڈاؤن میں 260 میل دور ڈرھم کی طرف سفر کرنے پر حکومتی مشیر شدید تنقید کی زد میں تھے ۔برازیل میں پولیس نے کوروناکے حوالے سے بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں ریو ڈی جنیرو کے گورنر ولسن وزٹیل کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے ہیں۔امریکہ نے برازیلی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگادی، کیلیفورنیا میں عبادت گاہیں کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے علاوہ باقی علاقوں میں کرفیو ختم کردیا گیا، نئی حکمت عملی کا آغازکل سے ہو گا۔سعودی عرب میں 31 مئی سے تمام مساجد جمعہ اور پنجگانہ باجماعت نمازوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 31 مئی سے 20 جون تک مکہ کے سوا مملکت کے تمام علاقوں میں کرفیو میں نرمی کے اوقات صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک ہوں گے ، مکہ مکرمہ کے سوا ملک کی تمام مساجد میں احتیاطی و حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز جمعہ اور پانچوں وقت با جماعت نماز کی ادائیگی شروع ہو جائے گی جب کہ مسجد حرام میں طبی اور احتیاطی اقدامات کے مطابق نماز جمعہ اور با جماعت نماز کا سلسلہ جاری رہے گا۔دبئی نے آج سے جِم ، سینما گھر اور دوسری کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے ۔جاپان میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لگائی گئی ایمرجنسی ختم کردی گئی۔آسٹریلیا میں لاک ڈائون میں نرمی کے بعد سکولز کھل گئے ۔روسی صدر پوتن نے آئندہ ماہ عالمی جنگ عظیم دوئم کے حوالے سے 24 جون کو پریڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے ۔