لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار کو خصوصی اجلاس ہوا۔ صدارت چیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان نے کی ۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹرداتا دربار سکندر ذوالقرنین کھچی ،ڈیوٹی منیجر طاہر مقصود کے علاوہ کمیٹی کے بعض ممبران نے شرکت کی۔ دوران اجلاس چیئر مین نے وہاں موجود ممبران جن میں اجمل چودھری،پیر سید ناظم حسین شاہ ، چودھری منظور ، عمران احمد، شاہد رشید، چودھری الیاس و دیگر سے حلف لیا۔ممبران نے داتا دربار کی بہتری، زائرین کو پہلے سے زیادہ اور ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی ، داتا دربار کمپلیکس کی توسیع و نئی عمارت کی تعمیر، لنگر خابہ اور پارکنگ کے نظام کو وسعت دینے اور معاملات بہتر بنانے کی غرض سے دن رات کی پرواہ کئے بغیر کام کرنے کا حلف لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نذیر چوہان نے کہا کہ اگلے ایجنڈے میں مسائل کے حل کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینا سر فہرست ہے ۔ کوشش کی جائے گی کہ گذشتہ 3سال سے جو کام رکے ہوئے تھے ان کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کرایا جائے ۔