لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی چیلنجرز کے خلاف میچ میں امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر پی سی بی بلاسٹرز کی عالیہ ریاض پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ان کی ساتھی کرکٹرنجیہ علوی کو بھی امپائر کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کرنے پر میچ ریفری کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے ۔دونوں کرکٹرز قومی ٹرائینگولر خواتین کرکٹ چیمپئن شپ میں لاہور جمخانہ گراؤنڈ میں منگل کے روزپہلے میچ میں پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائی گئی تھیں۔پی سی بی بلاسٹرز کی اننگزکے 14ویں اوور کے دوران نجیہ علوی نے بھی امپائر کی جانب سے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دئیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ اسی اننگز زمیں مزید12 اوورز کے بعد عالیہ ریاض نے امپائر کی جانب سے رن آؤٹ دئیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔میچ کے اختتا م پر آن فیلڈ امپائرز راشد ریاض اور عافیہ امین نے دونوں کھلاڑیوں کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔