اسلام آباد،کراچی(نیٹ نیوز،صباح نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹ میں کہاہے امپورٹڈ حکومت اور اس کے حامیوں کوواضع پیغام دیتا ہوں کہ مکمل تباہی سے بچنے کا واحد راستہ منصفانہ اور آزادانہ انتخابات ہیں ۔ٹویٹ میں ان کاکہناتھا امپورٹڈ حکومت عوا م کو مہنگائی سے کچل رہی ہے ،بدمعاشوں کا ٹولہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں،یہ ٹولہ عوام کے گیارہ سو ارب چوری کر رہا ہے ،ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا ہونے اور مکمل سیاسی اور اقتصادی تباہی میں معمولی سا وقت درکار ہے ۔انہوں نے کہانہایت کثیر تعداد میں باہرنکلنے اور مجرموں کی امپورٹڈ حکومت کیخلاف کھڑے ہونے پر میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے لوگوں کا شکرگزار ہوں۔’’امپورٹڈحکومت نامنظور‘‘۔دوسری جانب عمران خان عید الاضحیٰ کے بعدکراچی کا دورہ کرکے بلدیاتی الیکشن کی مہم میں شرکت کرینگے ۔وہ کورنگی،شرقی اورغربی میں ورکرزکنونشنز اورانتخابی جلسوں سے خطاب کرینگے ۔