راولپنڈی ،پشاور (92نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف کو قبائلی اضلاع میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال ، ترقیاتی کاموں میں پیشرفت اور سماجی معاشی ترقی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے سلامتی کی بہتر صورتحال اور باڑ لگانے سمیت بہتر بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات کی تعریف کی۔آرمی چیف نے کووڈ۔19 کیخلاف جنگ خاص طور پر وبا کی موثر انداز میں روک تھام کی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔قبل ازیں کور ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال کیا۔