لاہور(کامرس رپورٹر) فائونڈرز گروپ کے لیڈر اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے افتخار علی ملک سے ملاقات میں انہیں سارک چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پاکستان اور سارک کے دیگر ممبر ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے ۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جیسے عالمی فورم کا صدر منتخب ہونا افتخار علی ملک کی بے پناہ صلاحیتوں کی دلیل ہے اور ان کے منتخب ہونے پر ملک بھر کی تاجر برادری پرمسرت ہے ۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ پاکستان کے سارک کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ سارک ممالک اگر آپ میں تجارت بڑھائیں تو وہ عالمی سطح پر بہت بڑا فورم بن کر ابھر سکتے ہیں۔ افتخار علی ملک نے مبارکباد دینے پر خواجہ خاور رشید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین السارک تجارت بڑھانے کے لیے سٹریٹجی بنارکھی ہے جس پر وہ فورا عمل درآمد کریں گے ۔