لندن (بیورورپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہامید ہے آج نیوزی لینڈ کا برا دن ہوگا، نیوزی لینڈ کی خامی اور خوبیوں سے واقف ہیں جبکہ جیت کیلئے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم کا اعلان پچ کی صورتحال دیکھ کرکریں گے ۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں ا ظہر محمود نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں ہمارے چانسز ختم نہیں ہوئے اور ہمیں سارے میچز جیتنے ہیں جس کیلئے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی، کوئی کھلاڑی نہیں چاہتا کہ کیچ ڈراپ کرے ۔انہوں نے کہا کہ عامر اور بولٹ ایک طرح کے بائولرز ہیں، دونوں کا شمار ٹاپ بائولرز میں ہوتا ہے جبکہ حسن علی محنت کر رہا ہے اور صرف ایک اچھی پرفارمنس فارم واپس لائے گی، پچھلے میچ میں شاہین شاہ اچھا کھیلا، ہمیں صرف کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے ۔