لاہور،کوئٹہ (خصوصی رپورٹر ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سانحہ مستونگ کے سوگ میں اپنی انتخابی سرگرمیوں کو ایک روز کیلئے معطل کر کے کوئٹہ کا دورہ کیا ۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اور ٹوئٹر پر بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ انتخابات سے صرف 10 روز قبل انتخابی امیدواروں پر قاتلانہ حملے لمحہ فکریہ ہیں۔ پاکستان کا مستقبل شفاف، آزادانہ اور پر امن انتخابات سے جڑا ہے ۔الیکشن کمیشن ، نگران حکومت اور سکیورٹی فورسز امیدواروں اور سیاسی میٹنگز کو فول پروف سکیورٹی دینے کے ذمہ دار ہیں۔ شفاف الیکشن کا انعقاد سب سے بڑی ضرورت ہے ، اگر شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک کا نقصان ہو گا۔ ملک میں حالیہ دہشتگردی کی صورتحال کے باعث سیاسی سرگرمیاں محدود ہو گئی ہیں ۔ ملک میں ایک سیاسی جماعت کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے ، باقی سب جماعتوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ پاکستان سب کا ہے ، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے ۔ اگر صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا۔پنجاب کی نگران حکومت پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت نہ کرے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو ایسے موقع پر غیر سنجیدہ گفتگو سے اجتناب کرنا چاہئے اور ایسی باتیں کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے ، ملک ایسی صورتحال سے دوچار ہے جب ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے اور ہم سب کو ایسی صورتحال پر مشترکہ پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے ، دہشتگردی کیخلاف چاروں صوبوں کوملکر کام کرنا ہو گا