کوئٹہ(این این آئی) وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام سکیورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ، وزیراعظم نے سلامتی سے متعلق انتظامات کے بارے میں سیاسی قیادت سے مشاورت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے بچنے کیلئے ان کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اتوار کو وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت گورنر ہائوس کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری، وزیر داخلہ بلوچستان آغاز عمر بنگلزئی، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر اور دیگر سینئر سول و فوجی حکام نے شرکت کی، اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا عمومی اور سانحہ مستونگ کے تناظر میں خصوصی جائزہ لیا گیا، چیف سیکرٹری بلوچستان نے مستونگ دھماکے کے بارے میں اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی،چیف سیکرٹری بلوچستان نے صوبے میں عام انتخابات کے پر امن اور احسن انداز میں انعقاد کے لئے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بھی اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔