لاہور(سپورٹس رپورٹر)دورہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیم کے اوپنرشان کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی ٹریننگ سیشنز میں محنت کر رہے ہیں، ووسٹر میں ٹریننگ کے بعد اب ڈربی منتقل ہو گئے ہیں جہاں آج سے ٹریننگ کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گا، میں نے آٹھ ٹیسٹ میں جوبھی کیا اب آگے دیکھنا ہے اور ٹیم کے لئے اچھی کاکردگی دکھانی ہے ، یونس خان مصباح الحق کے ساتھ کھلاڑیوں کو بہتر گائیڈ کر رہے ہیں، یونس خان سے بیٹسمینوں کے علاوہ باؤلرز بھی بیٹنگ سیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا ظہار شان مسعود نے گزشتہ روز انگلینڈ سے ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے ووسٹر اور اب ڈربی میں بھی اچھے انتظامات کر رکھے ہیں۔تمام کھلاڑی اچھی کنڈیشنز میں ہیں اور ایک دوسرے کو سپورٹ کر رہے ہیں،۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریزدیکھنے سے کافی فرق پڑا ہے تاہم ابھی تین ہفتے ہمارے پاس ہیں جن میں اپنی بہترتیاری کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ میرے خیال میں پہلے سے کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہئے ۔ ابھی انگلینڈ کا کپتان نہیں کھیلا۔مگر ویسٹ انڈیز نے ثابت کیا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ آسان نہیں ہے ، ٹیسٹ جیتنے کے لئے بیس آؤٹ کرنا ہوتے ہیں لہذا باؤلر اور بیٹسمین دونوں کو ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف اچھی کارکردگی اب ماضی ہے ۔