اسلام آباد (خبر نگار خصوصی؍ صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ہم احتساب اور کرپشن کے خلاف بیانیہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے ، اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لئے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔اس موقع پروزیراعظم نے کہا مجرموں سے ڈیل یا مفاہمت قوم سے غداری کے مترادف ہے ۔وزیراعظم نے ترجمانوں سے کہا کرپشن کے خلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، کرپشن کے خلاف بیانیہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔معاون خصوصی احتساب و مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے استعفے کے حوالے سے عمران خان نے کہا شہزاد اکبر نے مشکل حالات میں بہترین کام کیا، مافیا کے خلاف ان کا کام قابل تعریف ہے ، اب وہ جانا چاہتے تھے ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے شہزاد اکبر کے حوالے سے زیادہ بات کرنے سے گریز کیا اور کہا شہزاد اکبر ڈیلیور نہیں کرسکے ، وہ کسی اورکام کے تھے ، ان کاکام کچھ اورتھا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کو ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے فون کرکے لاہورمیں دہشتگرد حملے کی مذمت کی۔شیخ محمد بن زاید نے متاثرین کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکیا اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ مزیدبرآں وزیراعظم سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی ،وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سید شبلی فراز نے ملاقات کی۔وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب نے بھی ملاقات کی اور کارکردگی کے معاہدوں کے حالیہ کئے جانے والے جائزے پر بریفنگ دی ۔عمران خان نے ایک ٹویٹ میں جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج بننے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ میری دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم نے ایک اور ٹویٹ میں آئی سی سی ایوارڈز جیتنے پر پاکستانی کرکٹرز کو مبارکباد پیش کی ہے ۔وزیر اعظم نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان اور فاطمہ ثنا کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔