لاہور (کامرس رپورٹر، صباح نیوز)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلی کوئی غیر آئینی بات نہیں بلکہ یہ جمہوری عمل ہے ، آئینی طریقے سے تبدیلی آسکتی ہے ، مسلم لیگ ن نے اس حوالے سے اپنی کھڑکیاں اور دروازے کھول رکھے ہیں، آج ڈھونڈنے سے بھی پرانا پاکستان نہیں ملتا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ چیخ چیخ کر کرپشن کی داستان سنا رہی ہے ،معاشی بحران قوموں کے لئے زہر قاتل ہے ، ہر آدمی پریشان ہے اور حکومت کے لوگ کہتے ہیں دسمبر میں عام آدمی زیادہ روٹیاں کھاتے ہیں،نااہلوں کی حکومت نے کسی قسم کی منصوبہ بندی نہیں کی۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہانا اہلی کے بادل منڈلا رہے ہیں، ایف اے ایف ٹی ایف اور معاشی تلوار لٹک رہی ہے ، بطور قوم اس سے چیلنج کے طور پر نمٹنا ہو گا، پہلے ہی روزکہاتھا جتنی خدمت ہم نے کی یہ اس سے آدھی بھی کر لیں تو بڑی بات ہو گی، ایک طرف خیبر پختونخوا حکومت کو غلط بیانی پر جرمانہ کیا گیا دوسری طرف ایمنسٹی انٹرنیشنل نے موجودہ حکومت کی کرپشن کی قلعی کھول دی ۔ حمزہ شہباز نے صحافیوں کے ساتھ ٹریفک پولیس کی بدتمیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ارباب اختیار اس کا فوری نوٹس لیں۔پیاز، آلو ، چینی ، آٹا اور دالوں کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے ،عوام پر 200 فیصد یوٹیلٹی بلوں کا بھی بوجھ ڈال دیا گیا،عام آدمی پر عیاں ہو گیا پاکستان کی نا اہل ترین حکومت کے باعث گندم کے بعد چینی کا بھی بحران آنے والا ہے ۔جب ایم پی اے بنا تو حلف پر کالی پٹی باندھی تھی ،کالی پٹی باندھ کر جمہوریت اور نظام کے لئے حلف اٹھایا، معاشی بحران قوموں کے لئے زہر قاتل ہے ،جیل میں بیٹھ کر اخبار پڑھتاہوں ۔