ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے عدالتوں کا ہمیشہ احترام کیا، نواز شریف کا فیصلہ انسانی بنیادوں پر کیا گیا، شہباز شریف نے اپنے بھائی کو علاج کیلئے باہر لے جانے کیلئے عدالت میں بیان حلفی جمع کرایا جبکہ نواز شریف نے اس کی تائید کی، ان ہاؤس کوئی تبدیلی نہیں آرہی، امریکہ سے حالات میں بتدریج بہتر ی آرہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے زیر اہتمام اپنے اور جہانگیر ترین کے اعزاز میں استقبالیہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا ان ہاؤس تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ، بعض لوگوں کی یہ خواہش ہے جو خواہش رہے گی۔ نوازشریف کے حوالے سے فیصلے پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا انسانی پہلو کو مد نظر رکھتے ہوئے کابینہ نے نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دی ، اس سلسلے میں عدالت نے دونوں چیزوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک شرط عائد کی کہ وہ انڈر ٹیکنگ دیں جو شہباز شریف نے دیدی ہے کہ ہم چار ہفتوں کیلئے باہر لے جا رہے ہیں اور ہم واپس لانے کے پابندہیں ، نوازشریف نے بھی انڈر ٹیکنگ کی تائید کی،عدالتی موقف سامنے رکھتے ہوئے آئند ہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ،مشاورت کاعمل جاری ہے ، وزیراعظم سے ہدایات لیں گے ،اپیل میں جانایانہیں؟فیصلہ آج یا کل تک کرلیا جائے گا، آصف زرداری یا نوازشریف سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا دھرنے والا فیز ہم نے خندہ پیشانی سے برداشت کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا زلفی بخاری اور اس کیس میں فرق ہے ۔ نیب پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا نیب ایک جماعت کیلئے نہیں ہے بلکہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے ، اس لئے تمام ذمہ داران کیخلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہئے ۔ کرتار پور کے حوالے سے انہوں نے کہا کرتار پور راہداری کھول کر ہم نے اچھی مثال قائم کی جبکہ بھارت بابری مسجد کو گرارہا ہے جس پر دنیا کو تقابلی جائزہ لینا چاہئے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے پاس اپنے والد کی بیماری کا ٹھوس ثبوت ہے تو وہ سامنے رکھیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہت جلد ملتان کیلئے ایک بڑے پیکج کا اعلان کا جائے گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔انہوں نے کہا ایران کے سپریم لیڈر کے ساتھ سعودی عرب کے معاملے پر بات کی جس سے کشیدگی ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔