وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا اور لاک ڈائون کی مشکل صورتحال کے باوجود قلیل مدت میں جدید ہسپتال بنانے پر این ڈی ایم کو پوری قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ این ڈی ایم اے نے قلیل مدت میں آئسولیشن ہسپتال بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ اگر اخلاص نیت سے کام کیا جائے تو بڑے بڑے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ آئسولیشن ہسپتال بنانا واقعی بڑا کارنامہ ہے۔ جس کی حقیقی معنوں میں تحسین کی جانی چاہیے۔ این ڈی ایم اے نے جس طرح قلیل مدت میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے اسی طرح اسے اور بھی ذمہ داریاں سونپی جائیں تاکہ وہ قوم کو مشکلات سے نکال کر ترقیاتی کاموں کو فی الفور مکمل کرے۔ اس وقت ملک میں جلد کے ہسپتال کی کمی ہے اگر کسی کو جلد کا مسئلہ ہوتا ہے تو اسے اسلام آباد جانا پڑتا ہے۔ اسی طرح ٹی بی کے لئے لاہور یا مری کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ بچوں اور دل کے ہسپتال کی بھی کمی ہے۔ حکومت صحت کے شعبے کو ہنگامی بنیادوں پر مضبوط بنائے اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایک ایسا ہسپتال بنایا جائے جس میں تمام بیماریوں کے وارڈز موجود ہوں۔ اس کے علاوہ وہاں پر سپیشل ڈاکٹرز کی بھی تعیناتی یقینی بنائے جائے تاکہ عوام کو ان بیماریوں کے باعث لمبا سفر طے کر کے لاہور‘ راولپنڈی اور ملتان نہ جانا پڑے۔ اس سے نہ صرف بڑے شہروں میں موجود ہسپتالوں پر بوجھ کم ہو گا بلکہ عوام کو بھی آسانی ہو گی۔ وزیر اعظم عمران خان صحت کے شعبے کی ترقی کے لئے فی الفور ایسے اقدامات کریں جس سے خلق خدا کو سہولت ملے۔