لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے صوبہ پنجاب میں4 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے جس کے تحت کاشتکاروں کو منظورشدہ اقسام کے بیج اور مشینی کاشت کے فروغ سے پیداواری لاگت کو کم کیا جائے گا۔موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں زرعی شعبہ کو اتنا فعال اور ترقی یافتہ بنا رہی ہے تاکہ ہماری زراعت بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکرمقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر سکے یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے رائس پارٹنر پرائیویٹ لیمٹیڈ کے زیرِاہتمام دھان کی فصل کو معیاری بنانے اور بہتر کٹائی بارے مرید کے میں منعقدہ سیمینار میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔