کابل(نیٹ نیوز،آن لائن) افغانستان کے صوبے قندوز میں فوج اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان ہونے والی دو جھڑپوں میں مجموعی طور پر 23 اہلکار اور 15 جنگجو ہلاک جبکہ4شہری بھی جاں بحق ہوگئے ۔ فغان میڈیا کے مطابق صوبے قندوز میں پہلی جھڑپ دشت ارچی کی ایک فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں کے حملے کے باعث ہوئی، دوطرفہ فائرنگ 3 گھنٹے تک جاری رہی اور اس جھڑپ میں افغان فوج کے 4 اہلکار ہلاک ہوگئے ۔افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان جنگجوؤں کے حملے کو ناکام بنادیا گیا ہے ۔ افغان فوج کی بروقت کارروائی میں 12 جنگجو ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تاہم اس دوران 4 اہلکار بھی ہلاک ہوئے ۔دوسری جانب آزاد ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دشت آرچی کی فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 15 فوجی اہلکار اور 4 شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور حملے میں طالبان کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔دریں اثناء صوبے قندوز میں ہی باغ شرکت میں طالبان کے ایک گروپ نے سکیورٹی چوکی پر اچانک دھاوا بول دیا سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی اس موقع پر جھڑپ میں آٹھ سکیورٹی اہلکار اور دو عام شہری ہلاک جبکہ چار فوجی زخمی ہو گئے ۔ جھڑپ میں متعدد طالبان بھی ہلاک اور زخمی ہوے ہیں تا ہم انکی صحیح تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔طالبان کی جانب سے ان دونوں حملوں سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم صوبے قندوز میں کئی علاقوں کا قبضہ واگزار کرانے کیلئے سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔