لاہور (سٹاف رپورٹر) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد نے عام انتخابات میں خیبرپختونخوا،پنجاب اور کراچی سمیت ملک بھر میں بدترین دھاندلی کی پُرزورمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل اورمسلم لیگ(ن)سمیت پانچ جماعتوں نے عام انتخابات کے نتائج کو مستردکردیا ہے ۔الیکشن 2018تاریخ کے بدترین انتخابات ثابت ہوئے ۔عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ مقتدرقوتوں نے 1971ء کے سانحہ سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ ایک جماعت کو اکثریت دلانے کے لیے پوری سرکاری مشینری کو استعمال کیا گیا ۔ فارم 45کا اجراء نہ کرنا، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو گھنٹوں بند کرنا اور 30سے زائد حلقوں کے نتائج کو رات گئے تک تبدیل کرنا تشویشناک امر ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی بے بسی المیہ ہے ۔ ماسوائے ایک جماعت کے تمام دینی وسیاسی جماعتوں نے موجودہ انتخابی نتائج کو مسترد کردیا ہے ۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کیے جانے والے رزلٹ ٹرانسفر سسٹم کا خراب ہونا اور رات4بجے تک پہلے نتیجہ کا اعلان نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ الیکشن کمیشن کے نظام اور نگران حکومت سے انتخابات صاف شفاف کرانے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔