لاہور ، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیٹ نیوز ) پاکستان کے عام انتخابات میںعمران خان کی برتری پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی۔ گزشتہ رات بھارتی میڈیا کی طرف سے تحریک انصاف کی جیت پر واویلا شروع کردیاگیا ۔بھارتی ٹی وی اینکرز کے چہرے لٹک گئے اور انہوں نے عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کردی۔ اینکرز بوکھلاہٹ میں کہنے لگے عمران خان کی جیت سے پاکستان دہشت گرد سٹیٹ بننے جارہا ہے ، اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف ایکشن لے ۔ دوسری جانب بھارتی نیوز ویب سائٹس بھی عمران خان کے خلاف پراپیگنڈا کرنے میں پیچھے نہ رہیں۔ ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ عمران خان اکیلے حکومت نہیں بنا سکیں گے ۔انڈین ایکسپریس نے ن لیگ کی جانب سے نتائج کو مسترد کرنے اور دھاندلی کے الزامات کو خصوصی کوریج دی۔ انڈیا ٹوڈے نے لکھا کہ پاکستان میں معلق پارلیمنٹ بنے گی اور اگر کمزور اتحادی حکومت بنتی ہے تو بھارت کیلئے اچھا نہیں ہو گا، ویب سائٹس نے فوج کے خلاف بھی زہریلا پراپیگنڈا کیا۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا 2018کے انتخابات پر زہر افشانی بند کرے ، انتخابات جمہوری عمل کا حصہ ہیں، انتخابات سے بننے والی حکومت کو تسلیم کیا جانا چاہئے ۔ بھارت کسی دوسرے ملک کے معاملات کے بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے ۔