اسلام آباد،راولپنڈی (رپورٹنگ ٹیم ، نیوزایجنسیاں ) چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے انتخابات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ انتخابات کے انتظامات سے 99 فیصد مطمئن ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ امن وامان سے متعلق بہتر انتظامات ہیں اور ایجنسیز نے حتی الامکان سکیورٹی خدشات دور کرنے کی کوشش کی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھاکہ سیاستدانوں کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا ہے لیکن یہ نہیں بتا سکتا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر سزا کیا ہوگی؟۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس( ر )سردار محمد رضا خان نے این اے 62 راولپنڈی کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے اور ای سی پی نے آزادنہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے پولنگ عملے اور ووٹرز سے بھی انتظامات کے حوالے سے گفتگو کی۔ دریںاثناء چیف الیکشن کمشنرنے الیکشن کمیشن میں قائم شکایات سیل کا دورہ کیا۔اس موقع پر الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے اور اس کے عملے نے انتخابات کے انعقاد کیلئے مثالی کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے حوالے سے جو بھی شکایات آئیں گی انہیں فوری حل کیا جا ئیگا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی پی کا نہایت قابل عملہ موجود ہے جو انتخابات کے انعقاد کیلئے دن رات کام کر تارہا ۔