اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا عمل شفاف انتخابات کا راستہ ہے ، انتخابی دھاندلی کو پہلی بار روکنے کیلئے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے ،پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس پراسیس پر قوم کی نظریں ہیں۔جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی ۔ملاقات میں آئینی، سیاسی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ بابر اعوان نے کہا الیکٹرانک ووٹنگ ملک کے انتخابی عمل کا مستقبل ہے ، ہر صورت قانون سازی ہونی چاہئے ۔علاوہ ازیں عمران خان سے خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔وفد نے کراچی ترقیاتی پیکیج کے نفاذ پر گفتگو کی۔ کراچی کے رہائشی افراد کے ساتھ سندھ حکومت کا امتیازی رویہ بھی ملاقات کے دوران زیر غور آیا۔وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈکے مطابق فنڈزکی منتقلی کویقینی بنارہی ہے ،سندھ حکومت کی طرف سے صوبائی فنڈر کی منصفانہ تقسیم بھی ضروری ہے ۔عمران خان سے اوورسیز پاکستانیز فورم کا وفد بھی ملا۔وزیراعظم سے مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد،پارلیمانی سیکرٹری وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نوشین حامد، معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر،جمشید چیمہ، ارکانِ قومی اسمبلی عاصم نذیر، رضا نصراللّہ گھمن، خرم شہزاد، عالمگیر خان، سیف الرحمان،جمشید تھامس ، فیض اللہ کاموکا، اکرم چیمہ، اسلم بھوتانی ، شاہد خان خٹک،امجد فاروق کھوسہ، نیاز جھکڑ، شبیر قریشی اور رانا قاسم نون نے بھی ملاقات کی۔جمشید اقبال چیمہ نے وزیر اعظم ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر بریفنگ دی اوربتایا پہلی مرتبہ پورے پاکستان کی ایگریکلچرل میپنگ کر لی گئی ہے جس کے تحت بنجر زمینوں کو زیر کاشت لایا جائے گا ۔وزیراعظم سے چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریار آفریدی اور علی زیدی بھی ملے ۔شہریارآفریدی نے وزیراعظم کوکشمیر کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔دریں اثناء وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان میں انسداد پولیو مہم اور کورونا کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے بل کیٹس فائونڈیشن کے پسماندہ لوگوں کی معاشی ترقی کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا پولیو کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، رواں سال پولیو مہم میں 3 کروڑ 30 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔وزیراعظم نے بل گیٹس کو 10 بلین ٹری سونامی اقدام سے بھی آگاہ کیا۔ بل گیٹس نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ آئندہ سال ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے بل گیٹس سے یہ بھی کہا کہ کیا وہ پاکستان میں مائیکروسافٹ انکیوبیشن لیب قائم کر سکتے ۔ دریں اثنا عمران خان نے اپنے دیرینہ دوست طلعت محمود عرف ٹومو کے انتقال پر دکھ اور فسوس کااظہار کیا ہے ۔