اسلام آباد؍ پشاور؍لاہور؍ کراچی(سپیشل رپورٹر؍وقائع نگار خصوصی؍نمائندہ خصوصی سے ؍ کامرس رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں) سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا کی پانچویں برسی پر پورے ملک میں سوگ کی فضا چھائی رہی،اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں شہدا کی روح کو ایصال ثواب کے لئے فاتحہ اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔آرمی پبلک سکول پشاور میں بھی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ اس موقع پر پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔چیف سیکرٹری کی ہدایت پر سول سیکرٹریٹ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کراچی میں آل سٹی تاجر اتحاد کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 سال قبل اے پی ایس کے ننھے فرشتوں اور اساتذہ کے قتل عام کو قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا اس دن کو یاد کرکے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا، اس دن کی یاد میں ہم اپنے اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔وزیر اعظم عمران خان نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کی قربانی نے ہر قسم کی انتہائپسندی، دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خلاف قوم کو متحد کیا ، جہاں آج ہم اپنے ان شہدائکو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، وہیں اپنی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ عسکریت پسندی کی سوچ کو ملک میں پروان نہیں چڑھنے دیں گے اور قوم کو اس مکروہ سوچ کا یرغمال نہیں بننے دیں گے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کو کبھی نہیں بھولیں گے ،حملہ میں ملوث 5 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں کے ذریعہ تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے ۔ آرمی چیف نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور قوم ہم نے دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے طویل فاصلہ طے کیا، ہم متحد ہو کر پاکستان کے پائیدار امن اور خوشحالی کی طرف گامزن ہیں۔