اسلام آباد (سٹاف رپو رٹر) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والوںکو نشان عبرت بنا دینگے ، نئے پاکستان میں قانون سے سب کیلئے برابر ہے ، کوئی قانون سے بالا تر نہیں ، ہر قانو ن شکن پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ڈی ایس پیز، انسپکٹر، سب انسپکٹر سمیت 183افسران و جوانوں کی ترقی کے ضمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہر یار آفریدی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس دنیا کی بہترین پولیس ثابت ہو گی،ریاست پولیس کے ساتھ ہے ، تجاوزات ہوں، قبضہ مافیا ہو، ڈرگ مافیا ہو یا بڑے مافیا کیخلاف کارروائی ہو، وزیر داخلہ آپ کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سدرن کمانڈ لازوال قربانیاں دے رہی ہے ، وہ لوگ جو پہاڑوں پر تھے وہ نیچے آرہے ہیں ، جس طرح بلوچستان میں سرنڈر کرنے والوں کو ہم گلے لگاتے ہیں اسی طرح منظور پشتین یا پی ٹی ایم سے جڑے جتنے لوگ راہ راست پر آئینگے ،ریاست ان کو عزت دے گی اور گلے لگائے گی لیکن جو کسی اور ایجنڈے کے تحت ملک میںانتشار کا سبب بنیں گے انہیںعبرت کا نشان بنادیا جائیگا۔