چیف سیکرٹری پنجاب میجر(ر) اعظم سلیمان خان نے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز‘ کمشنرز کو اضلاع جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی اوز کو مقامی سبزی منڈیوں کے دورے کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل ترجیح ہے جس میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ملک بھر میں مہنگائی کا جن قابو سے باہر ہے ۔سبزی اور فروٹ منڈیوں سے لے کر عام ریڑھی بانوں تک ہر کسی نے مرضی کے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں جبکہ بڑے بڑے دکانداروں نے ذخیرہ اندوزی کر رکھی ہے، جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ سرکاری افسران اپنے دفاتر سے باہر نہیں نکلتے جس بنا پر انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔ جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے سربراہان بھی دفاتر سے باہر نکل کر وزٹ نہیں کرتے جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ موجودہ چیف سیکرٹری پنجاب نے بیورو کریسی کو دفاتر سے نکل کر عوامی مسائل حل کرنے کا کہا ہے۔ ماضی میں بھی ایسے احکامات جاری ہوتے رہے لیکن بیورو کریسی کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگتی۔ اگر اب بھی چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو عوام کے ساتھ ظلم ہو گا۔ اس وقت سبزی منڈیوں اور فروٹ منڈیوں کے اچانک دورے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جا سکے۔ مہنگائی پر کنٹرول سے ہی غریب آدمی کو ریلیف ملے گا ورنہ مافیا عوام کی زندگی اجیرن بنا دے گا۔ اس لئے چیف سیکرٹری اپنے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی کوشش کریں کیونکہ ماضی میں اسی بیوروکریسی نے ایسے احکامات کو ہوا میں اڑایا ہے۔ کمشنر اور مجسٹریٹ اگر اخلاص نیت سے کام کریں تو ایک دن میں مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔