نیویارک (شوبزڈیسک) ہالی و وڈ کی میگا سٹار انجلینا جولی اور ایکشن ہیرو براڈ پٹ کو برینجلینا بھی کہا جاتا تھا کیونکہ دونوں کی محبت اور کیمسٹری انڈسٹری میں بہت مقبول تھی۔تاہم دونوں نے 2016 میں ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی۔اگرچہ دونوں کی یہ پہلی شادی نہیں تھی، تاہم پھر بھی ان کے تعلقات بہترین تھے ۔دونوں کی طلاق کے بعد دونوں کے حوالے سے مختلف خبریں آئیں۔ انجلینا سابق شوہر براڈ پٹ کی سابق بیوی جینیفر آنسٹن کے سابق شوہر اداکار جسٹن تھیوروکس سے شادی کی خواہاں ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ براڈ پٹ اب انجلینا سے طلاق کے بعد جہاں دیگر اداکاراؤں کیساتھ دیکھے جا رہے تھے ، اب وہ ہی اپنی پہلی بیوی جینیفر آنسٹن کے ساتھ دیکھے جا رہے ہیں۔خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ انجلینا جولی اور جسٹن تھیوروکس کے تعلقات کی خبریں گردش میں ہیں۔ اگرچہ دونوں نے تعلقات کی تصدیق نہیں کی، تاہم دونوں کو گزشتہ چند ماہ سے متعدد بار ایک ساتھ دیکھا جا رہا ہے اور دونوں نے شادی کی منصوبہ بندی بھی تیار کر رکھی ہے ، تاہم ان کی شادی کب ہوگی، اس حوالے سے کوئی معلومات دستیاب نہیں۔ادھر جسٹن تھیورو کس کی سابق بیوی جینیفر آنسٹن اور انجلینا جولی کے سابق شوہر براڈ پٹ کے درمیان ایک بار پھر تعلقات کی چہ مگوئیاں ہیں۔