کراچی (سپورٹس رپورٹر) شمسی ٹینس اکیڈمی اور روٹری کلب کراچی اسپورٹس کے زیر اہتمام پاکستان ٹینس فیڈریشن اور سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ڈیفنس اتھارٹی کریک کلب میں آج روٹری کلب کراچی سپورٹس کے تحت ایشن ٹینس فیڈریشن انڈر 14 سپر سیریز لیگ ٹو ٹینس چیمپئن شپ ہوگی۔ ایونٹ میں امریکی نژاد پاکستان کھلاڑیوں سمیت ایشین چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انڈر 12بوائز اور 14گرلز بھی حصہ لے رہی ہیں۔ چیمپئن شپ میں پاکستان کے اشعر میر بھی شامل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار کراچی جمخانہ میں چیمپئن شپ کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر فرحان عیسیٰ اور روٹری کلب کراچی اسپورٹس کے صدر و پی ٹی ایف کے نائب صدر خالد جمیل شمسی نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر کراچی اے ٹی ایف انڈر 14سپر سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد شمسی ٹینس اکیڈمی کا روٹری کلب کراچی کے اشتراک سے شہر قائد میں ٹینس کھیل کے فروغ کے حوالے سے ایک بہترین کاوش ہے ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتا یا کہ روٹری کلب چاہے وہ کسی بھی نام سے ہو سب فلاح و بہبود کے کام سرانجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں سدھار لانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، صحتمند معاشرہ ملک کی ترقی کیلئے لازم و ملزوم ہے ہمیں صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے اپنی کاوشوں اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے کہا کہ انشا اللہ روٹری کلب صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے بہت جلد اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے کھیلوں کے تمام شعبوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کو عمل شکل دے گی۔ انہوں نے اس موقع پر خالد جمیل شمسی کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے شہر قائد میں بین الاقوامی طرز کا اتنے شاندار ٹینس ایونٹ کا انعقاد کیا ۔روٹری اسپورٹس کراچی انڈر 14سپر سیریز کا شاندار انعقاد سے قومی سطح پر ٹینس میں نئے ٹیلنٹ کا اضافہ ثابت ہوگا ۔