کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انٹرریجن انڈر19ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ 2018/19ء کے ساتویں مرحلے میں لاہور کیخلاف کراچی کی دونوں ٹیمیں سرخرو ہوگئیں، کراچی وائٹس نے لاہور وائٹس کو 10وکٹوں اور کراچی بلیوز نے لاہور بلیوز کو 10رنز سے شکست دی، دیگر میچز میں راولپنڈی نے ڈیرہ مراد جمالی کو 8وکٹوں، گروپ بی میں پشاور نے ایبٹ آباد کو 5وکٹوں، لاڑکانہ نے حیدر آباد کو 19رنز، سیالکوٹ نے بہاولپورکو 8 وکٹوں سے زیر کیا تاہم کوئٹہ اور فاٹا کا میچ خراب گراؤنڈ کنڈیشنز کے باعث منسوخ کر دیا گیا جبکہ اسلام آباد اور فیصل آباد ریجن کے میچ میں بھی یہی صورتحال رہی۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی انٹر ریجن انڈر 19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں راؤنڈ میں گروپ اے میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی ریجن نے ڈیرہ مراد جمالی کو 8وکٹوں سے قابو کرلیا۔ 45اوورز پر مشتمل میچ میں ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم 108رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد 28، محمد شاہد 22رنز بناسکے ۔شیراز خان نے 3، فرحان شفیق اور سلیمان خوشی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی نے ہدف 22.2اوورز میں دو وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ مبشر خان نے 65رنز کی فتح گر اننگز کھیلی۔ آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی وائٹس کی ٹیم لاہور وائٹس کو 10وکٹوں سے آؤٹ کلاس کر دیا۔ لاہور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض 71پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد طحہٰ نے 5کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ محمد مکی نے 3مہرے کھسکائے ۔ جواب میں کراچی وائٹس نے ہدف 12اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ جہانزیب نے ایک چھکے اور 9چوکوں کی مدد سے 54رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں کوئٹہ اور فاٹا کا میچ خراب گراؤنڈ کنڈیشنز کے باعث منسوخ کر دیا گیا جبکہ ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں میزبان ٹیم اور فیصل آباد ریجن کے میچ میں بھی یہی صورتحال رہی۔ گروپ بی میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پشاور نے ایبٹ آباد ریجن کو 5وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ میں لگاتار چھٹی جیت کو گلے لگایا۔ ایبٹ آباد کی ٹیم 164رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ عبدالرحمن 34، شاہ زیب خان 21رنز ہی کچھ مزاحمت کرسکے ۔ اویس علی شاہ نے 4، اعجاز الرحمن نے دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ پشاور نے ہدف 41.2اوورز میں 5وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ محمد حارث 61، اویس علی شاہ 20رنز کے ساتھ سرخرو لوٹے ۔ محمد محسن نے 23رنز بنائے ۔ خالد علی نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں لاڑکانہ نے حیدر آباد ریجن کو 19رنز سے شکست دے دی۔ لاڑکانہ نے تمام وکٹوں پر 175رنز اسکور کئے ۔ جاوید علی کھوسو 46، جاوید لاشاری 28، شرف الدین 23، اشفاق احمد 21رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ حسن علی نے 38رنز دے کر 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سعد خان نے دو شکار کئے ۔ حیدر آباد ریجن کی ٹیم 156رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ سعد خان کی 85رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ عامر علی نے 3، مہراب خان اور جاوید علی کھوسو نے دو، دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ نیشنل بینک کمپلیکس اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے لو اسکوررنگ میچ میں کراچی بلیوز نے لاہور بلیوز کو 10رنز سے حیران کیا۔ کراچی بلیوز 74رنز پر ہمت ہار بیٹھی۔ عبیث اﷲ 20ناٹ آؤٹ نمایاں رہے ۔ نسیم شاہ نے 5، محمد بلال خان نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں لاہور بلیوز کی ٹیم 64پر ڈھیر ہوگئی۔ عطیاب احمد 22رنز ہی مزاحمت کرسکے ۔نادر شاہ اور طارق خان نے 4، 4وکٹیں اپنے نام کیں۔ علی نسیم نے دو شکار کئے ۔ ٹی ایم سی گراؤنڈ گلبرگ، کراچی میں سیالکوٹ نے بہاولپور ریجن کو 8 وکٹوں سے زیر کیا۔ بہاولپور کی ٹیم 98رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ علی عمران 25، عمر رحمن22رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ حسنین نے 5، غلام محی الدین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سیالکوٹ نے ہدف 18.5اوورز میں دو وکٹوں پر حاصل کرلیا۔