لاہور (سپورٹس رپورٹر) جشن آزادی کے سلسلہ میں پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن نے گورنمنٹ کالج لاہور یونیورسٹی میں انٹر کلب گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کا انعقاد کیا۔ ایک روزہ ایونٹ میں پنجاب بھر سے پانچ نیٹ بال ٹیموں نے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کے فائنل میں اینجل نیٹ بال کلب نے ایورگرین نیٹ بال کلب کو 18-14سے ہرا کر جشن آزادی نیٹ بال چیمپئن شپ جیت لی۔ قبل ازیں لیگ میچز میں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن چودھری محمد رضوان تھے ۔ اس موقع پر گورنمنٹ کالج لاہور یونیورسٹی کی ٹیچرز، طالبات، ایسوسی ایٹ سیکرٹری پنجاب نیٹ بال فرحان علی بھٹی اور تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اختتامی تقریب میں چودھری محمد رضوان نے جیتنے والی ٹیم کی کپتان کو وننگ ٹرافی ، کیش پرائز اور سرٹیفکیٹ دیئے ۔ چودھری محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پنجاب نیٹ بال ہمیشہ کی طرح جشن آزادی شایان شان طریقے سے منا رہی ہے ۔ پنجاب بھر میں تقریبات کا نعقاد کیا جا رہا ہے سب سے بڑی تقریب لاہور میں منعقد کی جس میں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔