لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے گروپ میچ میں سکاٹ لینڈ کو آسانی سے 7 وکٹوں سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا، سکاٹ لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے فاسٹ باؤلرمحمد وسیم نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ڈیبیو کرنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر محمد طاہر حسین نے بھی شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سکاٹ لینڈ کے 9 پلیئرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے ، دونوں اوپنر صفر ، صفر پر آؤٹ ہوئے ، گرین شرٹس نے 76 رنز کا ہدف 12 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، عرفان خان 38 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ، محمد وسیم کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ نارتھ ویسٹ یونیورسٹی، پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں آئرلینڈ انڈر 19 کے کپتان اینگس گائے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم محمد وسیم، طاہر حسین اور عباس آفریدی کی تباہ کن بائولنگ کے باعث 23.5 اوورز میں 75 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی، سکاٹ لینڈ کے دونوں اوپنر پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے ، دونوں کو طاہر حسین نے کلین بولڈ کیا، عزیر شاہ 20 اور ٹومیس میک انتوش 17 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا، محمد وسیم نے 12 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، طاہر حسین نے تین اور عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں پاکستان انڈر 19 نے ہدف 11.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، عرفان خان نے 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان روحیل نذیر 27 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ، محمد وسیم کو مرد میدان قرار دیا گیا، پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 22 جنوری کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔