نیویارک(ویب ڈیسک) سیاٹل سے تعلق رکھنے والا خوبصورت کتا نوری دوغلی نسل کا کتا ہے ۔ اپنی انسانوں جیسی آنکھوں اور مسکراہٹ کی وجہ سے نوری نے انٹرنیٹ صارفین کو دیوانہ کر دیا ہے ۔ نوری کے مالکان کیون ہرلیس اور ٹیفانے نگو کا کہنا ہے کہ بہت سالوں سے لوگ اُن کے کتے کو دیکھ کر حیران ہو رہے ہیں لیکن پچھلے ہفتے جب نوری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اس کی شہرت میں یک دم بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ۔ 33 سالہ کیون نے بتایا کہ نوری جب چھوٹا تھا تو وہ اس کے ساتھ ایک بلاک کا فاصلہ بھی طے نہیں کرتے تھے کہ کوئی نہ کوئی انہیں روک کر اس کی شکل و صورت کے بارے میں سوال کرتا۔نوری کے بڑے ہونے پر لوگوں کے سوالات کی شدت کم ہوگئی لیکن اب بھی اکثر لوگ نوری کی آنکھوں اور مسکراہٹ کے بارے میں پوچھتے رہتے ہیں۔ ٹیفانے نے بتایا کہ نوری کا اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہے ، جہاں وہ اس کی تصاویر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔نوری کے مالکان کا کہنا ہے کہ کتے کے انسانی چہرے جیسی خصوصیات کی وجہ سے لوگ اس کا تقابل مختلف کرداروں سے کرتے ہیں۔ بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر نوری کی تصاویر دیکھ کر ان کے اصل ہونے پر یقین ہی نہیں کرتے ۔