لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور اور ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صورتحال سے پرامن طور پر نمٹنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے تشدد کے حالیہ واقعات پیش آئے ۔ انہوں نے پْر تشدد واقعات میں قیمتی انسانوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دْکھ اور صدمے کا اظہار بھی کیا۔بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول نے کہا کہ انسانی خون بہانا اور تشدد پر اکسانا کبھی صورتحال کو بہتر نہیں کر سکتا کیونکہ تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ تشدد مزید تشدد کو جنم دیتا ہے ، اصل جنگ تو اس خراب ہوتی ہوئی صورتحال کی وجوہات کے خلاف جنگ ہے ، سوال یہ پیدا ہوتا ہے اس سلیکٹڈ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا اور پیدا ہونے والے ان چیلنجزکو پارلیمنٹ میں کیوں زیر بحث نہیں لایا گیا؟پی پی چیئرمین نے ضیا دور میں ان گروپوں کی سرپرستی کی طرف اشارہ کیا جو نسلی، مذہبی اور فرقہ واریت کی نفرتیں پھیلا کر قومی دھارے کی سیاسی پارٹیوں کو کمزور کرنے کے مقصد کے لئے بنائی گئیں۔ آ مرانہ ہتھیار ابھی تک بنائے جا رہے ہیں، نئے نئے عفریت جنم دیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کے عوام کی جمہوری خواہشات کو دبایا جا سکے ۔ ہمارا نقطہ نظربہت واضح ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے ۔